پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کی ڈاکٹر افضل بابر کو خراج عقیدت

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک (پی ایس این) کے سابق صدر ڈاکٹر افضل بابر کی رحلت پر سوہان اسلام آباد میں واقع گلوبل سکول سسٹم میں منعقدہ تعزیتی نشست میں شرکا نے مرحوم کی تعلیم کے شعبے خاص طور پر کم فیس والے سکولوں کے فروغ میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔تعزیتی تقریب میں پیرا کے ممبر رجسٹریشن وقاص کیانی، پی ایس این کے نئے صدر مقبول …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک (پی ایس این) کے سابق صدر ڈاکٹر افضل بابر کی رحلت پر سوہان اسلام آباد میں واقع گلوبل سکول سسٹم میں منعقدہ تعزیتی نشست میں شرکا نے مرحوم کی تعلیم کے شعبے خاص طور پر کم فیس والے سکولوں کے فروغ میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔تعزیتی تقریب میں پیرا کے ممبر رجسٹریشن وقاص کیانی، پی ایس این کے نئے صدر مقبول حسین ڈار، سماجی رہنما جمیل اعوان اور پی ایس این کے سینئر نائب صدر ارشد چوہدری نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

وقاص کیانی نے کہا کہ ڈاکٹر افضل بابر نے نجی تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی رائے کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔پی ایس این کے نو منتخب صدر مقبول حسین ڈار نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب ہم سب کے لیے مشعل راہ تھے۔ وہ معیاری تعلیم کو ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے سرگرم رہے۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔سماجی رہنما جمیل اعوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بابر محض ایک نام نہیں ایک مقصد تھے۔ انہوں نے کم آمدنی والے طبقے کے بچوں کو تعلیم کی روشنی سے جوڑنے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ۔

پی ایس این کے سینئر نائب صدر ارشد چوہدری نے کہا کہ وہ ہمیشہ چھوٹے تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہے۔ ان کی کوششوں نے اسلام آباد کے کم بجٹ والے سکولوں کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔اس موقع پر پی ایس این کی جوائنٹ سیکرٹری صائقہ شعبان، ایگزیکٹو ممبر عبیدہ اظہر، دی علم کالج کے پرنسپل الیاس منہاس،آئیڈیل اسکول سسٹم کی پرنسپل میمونہ شفیق راجہ، پی ایس این ہمک زون کے صدر انجم مجید خواجہ اور سینئر صحافی مرزا محمد ارشد نے بھی خطاب کیا۔ تمام مقررین نے ڈاکٹر افضل بابر کی پیشہ ورانہ دیانت، رہنمائی اور تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔تقریب کا اختتام مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا پر ہوا۔

مزید خبریں