پرتشدد انتہا پسندی کے تدارک پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس

لاہور۔23مئی (اے پی پی):پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ سوسائٹی کے متحرک کردار سے ہی ممکن ہے،دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سماجی انصاف ناگزیر ہے،طاقت کے استعمال سے دہشت گردی سے نمٹنا حکمت عملی کا ایک جز وہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں سکول آف پیس اینڈ کائونٹر ٹیررازم سٹڈیزاور فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز …

لاہور۔23مئی (اے پی پی):پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ سوسائٹی کے متحرک کردار سے ہی ممکن ہے،دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سماجی انصاف ناگزیر ہے،طاقت کے استعمال سے دہشت گردی سے نمٹنا حکمت عملی کا ایک جز وہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں سکول آف پیس اینڈ کائونٹر ٹیررازم سٹڈیزاور فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈویلپمنٹ برطانیہ (پاکستان چیئر) اور پنجاب سینٹر آف ایکسی لینس آن کائونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹرم ازم کے اشتراک سے پرتشدد انتہا پسندی کے تدارک پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بنیادی اصول بیان کئے اور کہا کہ اسلامی فکری و انتظامی روایات کی بحالی، انتہا پسندانہ بیانیے کی مستند تردید اور ہر قسم کے فکری انتشار اور انتہا پسندی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن انسانی جان کی حرمت پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے ، دہشت گردی اسلام میں ایک سنگین جرم ہے۔ہوم سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات ایک نئی شکل اختیار کر چکے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی مراکز اور سول سوسائٹی کے درمیان ایک مربوط تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر منہاج یونیورسٹی لاہور کو مبارکباد دی۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ جامعات کو انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے تحقیق اور مکالمے کے علمی کلچر کو فروغ دینا ہوگا، نوجوان نسل کو برداشت، مثبت تنقید اور اعتدال پسندی کے حوالے سے ایجوکیٹ کیا جائے۔ چیئرمین رحمۃ للعالمین اتھارٹی خورشید ندیم نے کہا کہ مدارس میں کمپیوٹر کی تعلیم دینے سے سوچ نہیں بدلے گی، سوچ بدلنے کے لئے نصاب بدلنا اور یکساں نظام تعلیم ناگزیر ہے۔بین الاقوامی کانفرنس سے لیفٹیننٹ جنرل(ر) غلام مصطفی، ڈاکٹر برائن جے فلپس، پروفیسر طحہ قریشی، ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالہ، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف پیس اینڈ کائونٹر ٹیرارزم سٹڈیز ڈاکٹر حسن فاروق مشوانی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر خرم نواز گنڈاپور،بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر محمد فیاض، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، کرنل(ر) خالد جاوید، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، سابق آئی جی شوکت جاوید سمیت منہاج یونیورسٹی کے ڈینز،فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں