پریذیڈنٹ کپ: او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس این جی پی ایل اور کے آر ایل نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

راولپنڈی۔20دسمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ کپ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ کے اختتام پر او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس این جی پی ایل اور کے آر ایل نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں او جی ڈی سی ایل نے غنی گلاس کو یکطرفہ …

راولپنڈی۔20دسمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ کپ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ کے اختتام پر او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس این جی پی ایل اور کے آر ایل نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں او جی ڈی سی ایل نے غنی گلاس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ غنی گلاس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42.5 اوورز میں 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ طیب طاہر 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد عامر خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں او جی ڈی سی ایل نے مطلوبہ ہدف 23.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ معاذ صداقت نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 107 رنز بنائے جبکہ امام الحق 73 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

شاندار کارکردگی پر معاذ صداقت کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں پی ٹی وی نے اسٹیٹ بینک کو 47 رنز سے ہرا دیا۔ پی ٹی وی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ محمد سلیمان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 113 رنز بنائے جبکہ محمد طحہ نے 51 رنز کا اضافہ کیا۔ کاشف بھٹی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری 40.4 اوورز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسن رضا 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

محمد محسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سلیمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تیسرے میچ میں کے آر ایل نے واپڈا کو 178 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کے آر ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔ شاہ زیب خان نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 134 رنز اسکور کیے جس میں 7 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں واپڈا کی پوری ٹیم 30.4 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد نعیم 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

حمزہ نذر اور سفیان مقیم نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ شاہ زیب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چوتھے میچ میں ایس این جی پی ایل نے ساحر ایسوسی ایٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ساحر ایسوسی ایٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد فائق 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ محمد سلمان اور محمد شہزاد نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایس این جی پی ایل نے مطلوبہ ہدف 35 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان شان مسعود نے ناقابل شکست 105 رنز بنائے جبکہ سعد خان نے 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔