پسرور، طبی سہولیات کی فراہمی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسسٹنٹ کمشنر پسرور

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چونڈہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

سیالکوٹ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چونڈہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کی تمام او پی ڈیز کا معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز و طبی عملے کی موجودگی اور انتظامات کا جائزہ لیاانہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کو بہتر رکھا جائے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔