پسوڑی کا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز تک پہنچنا کوک سٹوڈیو اور پاکستانی موسیقی کے لیے اہم سنگِ میل ہے، سمیع واحد

کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے جنرل منیجر سمیع واحد نے کہا ہے کہ’’پسوڑی‘‘ گانے کا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز تک پہنچنا کوک سٹوڈیو اور پاکستانی موسیقی کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے۔

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے جنرل منیجر سمیع واحد نے کہا ہے کہ’’پسوڑی‘‘ گانے کا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز تک پہنچنا کوک سٹوڈیو اور پاکستانی موسیقی کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں سے کوک سٹوڈیو پاکستان کی موسیقی، زبانوں اور کہانیوں کو 180 سے زائد ممالک کے سامعین تک پہنچا رہا ہے اور’ ’پسوڑی‘‘ اس بات کی مثال ہے کہ جب ایک گانا عالمی سامعین سے جڑتے ہوئے اپنی ثقافتی شناخت میں مضبوطی سے پیوست رہتا ہے تو وہ کس قدر دور تک سفر کرسکتا ہے۔ کوک سٹوڈیو کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق پاکستان کا مقبول ترین گانا ’’پسوڑی‘‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والا ملک کا پہلا گانا بن گیا ہے جو کوک سٹوڈیو پاکستان، کوکا کولا پاکستان اور پاکستانی موسیقی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

سمیع وا حد کا کہنا ہے کہ چار سال بعد بھی دنیا بھر کے سامعین’’پسوڑی‘‘ گانے کوسرچ کر رہے، شیئر کر رہے اور بار بار سن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگِ میل اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کوک سٹوڈیو ہمیشہ پاکستانی فنکاروں اور تخلیقی خیالات کو عالمی سطح پر اپنی آواز پہنچانے کا موقع فراہم کرنے کے لئے کھڑا رہا ہے ۔کوک سٹوڈیو کا کہنا ہے کہ پاکستانی موسیقی کے اس عالمی سفر کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے جو ابھرتے ہوئے فنکاروں اور تخلیقی آوازوں کو تجربات، تعاون اور نئے سامعین تک رسائی کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

’’پسوڑی‘‘ کی ایک ارب ویوز کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں جنم لینے والی موسیقی اپنی زبان اور ثقافتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی سطح پر کروڑوں دلوں تک پہنچ سکتی ہے۔ایک ایسا گانا جو پاکستان میں تخلیق ہوا اور پوری دنیا نے مل کر ہمارے ساتھ گایا۔جاری پریس ریلیز کے مطابق 2022 میں کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے تحت ریلیز ہونے والے گانے ’’پسوڑی‘‘ نے اپنی منفرد موسیقی، پنجابی اور اردو کے امتزاج، جدید پروڈکشن اور جنوبی ایشیائی ثقافتی رنگ کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے سامعین کی توجہ حاصل کی۔اس حوالے سے پروڈکشن، ڈیزائن و آرٹ ڈائریکشن میں تیار ہونے والی وڈیو میں پاکستانی ثقافت کے مختلف رنگوں کو جدید بصری انداز میں پیش کیا گیا اور وڈیو میں مختلف ممتاز فنکاروں کی شرکت نے اسے مزید منفرد بنا دیا۔