پشاور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا، 35,103 امیدوار کامیاب قرار
پشاور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا، 35,103 امیدوار کامیاب قرار

مزید خبریں
پشاور۔ 21 ستمبر (اے پی پی):پشاور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحان میں مجموعی طور پر 66,735 طلبا و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے 35,103 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ 30,878 طلبا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اور 754 طلبہ امتحانات میں غیر حاضر رہے۔اس طرح مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 52.60 فیصدریکارڈ کیا گیا، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ نصف سے کچھ زائد امیدوار امتحان پاس کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ایک بڑی تعداد کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔
اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو سرکاری اداروں کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سرکاری کالجوں کی 21,496 طالبات میں سے 16,064 کامیاب ہوئیں، 5,328 ناکام رہیں جبکہ 104 غیر حاضر رہیں۔ اس طرح سرکاری طالبات کی کامیابی کی شرح 74.73 فیصد رہی جو کہ تمام زمروں میں سب سے نمایاں ہے۔اس کے برعکس سرکاری اداروں کے طلبہ کی کامیابی کی شرح 39.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سرکاری اداروں میں کل 35,227 طلبہ رجسٹرڈ تھے، جن میں سے 13,756 کامیاب، 21,135 ناکام اور 336 غیر حاضر رہے۔
نجی تعلیمی اداروں کے نتائج کے مطابق، نجی شعبے کی 3,426 طالبات میں سے ,224 کامیاب ہوئیں، 1,129 ناکام رہیں اور 73 غیر حاضر رہیں۔نجی طالبات کے پاس ہونے کی شرح 64.92 فیصد رہی۔
دوسری طرف، نجی اداروں کے طلبہ کی کل تعداد 6,586 تھی، جن میں سے 3,059کامیاب، 3,286 ناکام اور 241 غیر حاضر رہے۔ نجی طلبہ کی کامیابی کا تناسب 46.45 فیصد رہا۔مجموعی نتائج کا تقابلہ کیا جائے تو یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ دونوں شعبوں (سرکاری و نجی) میں طالبات نے طلبہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔







