پشاور حملہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں، پاکستانی قوم کے عزم کو ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے غیر متزلزل نہیں کیا جا سکتا، وزیر اعظم شہبازشریف کا ٹویٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پشاورحملہ کے بعد قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے،یہ حملہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں،دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے،پاکستانی قوم کے عزم کو ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے غیر متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ابھی پشاور سے واپس آیا ہوں،انسانی المیے کا حجم ناقابل تصور ہے،یہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں،قوم غم کے گہرے احساس میں ڈوبی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے درد کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن میں دلی تعزیت اور انتہائی اخلاص سےان سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس گھنائونے واقعہ کے ذمہ داروں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ پاکستان کی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔