پشاور میں وزارت خارجہ لائزان آفس 29 جولائی سے کورئیر کمپنیوں کے ذریعے دستاویزات وصول کرے گا

111
Foreign Office

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وزارت خارجہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے بعد پشاور اور ملحقہ علاقوں کے درخواست دہندگان کی سہولت کے لئے 29 جولائی 2024 بروز پیر سے کورئیر کمپنیوں کے ذریعے اپاسٹیل سروس فراہم کر رہی ہے۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں پشاور میں وزارت خارجہ کا لائزان آفس 29 جولائی 2024 بروز پیر سے کورئیر کمپنیوں کے ذریعے دستاویزات وصول کرے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر، نامزد کوریئر کمپنیاں درخواست دہندگان سے دستاویزات جمع کریں گی، جس کے بعد وزارت خارجہ کی طرف سے تصدیق کی جائے گی۔ پشاور میں پوسٹل تصدیق کے لئے دستاویزات جمع کرنے کی مجاز کوریئر کمپنیوں میں ٹی سی ایس ، ایم اینڈ پی ، گیریز ، لیپرڈ اور ای سی ایس شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوریئر کمپنیاں پاور آف اٹارنی کے علاوہ تمام دستاویزات قبول کرنے کی مجاز ہیں۔