پشاور پولیس لائن دھماکے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب

راولپنڈی۔31جنوری (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 255ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کی۔شرکاء کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورت حال اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنےکے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

فورم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کو تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بہادر کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی بھر پور حمایت کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے ۔

انہوں نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر اس وقت تک توجہ مرکوز رکھیں جب تک کہ ہم پائیدار امن حاصل نہیں کر لیتے۔فورم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا بھی نوٹس لیا ۔