پنجاب اسمبلی کو کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کا گرین میس اعزاز دے دیا گیا

جنوبی افریقہ کے قانون ساز دارالحکومت کیپ ٹائون میں جاری 69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر پنجاب اسمبلی کو کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کا گرین میس اعزاز دے دیا گیا

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے قانون ساز دارالحکومت کیپ ٹائون میں جاری 69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر پنجاب اسمبلی کو کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کا گرین میس اعزاز دے دیا گیا۔ترجمان کے مطابق پنجاب اسمبلی یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی صوبائی اسمبلی بن گئی ہے،جبکہ مسلسل تین برس میں تین CPA اعزازات حاصل کرنے والی خطے کی پہلی قانون ساز اسمبلی بھی بن گئی ہے۔پنجاب اسمبلی کے وفد کے سربراہ سید علی حیدر گیلانی نے اسمبلی کی نمائندگی کرتے ہوئے گرین میس اعزاز وصول کیا۔ یہ اعزاز ماحولیاتی پائیداری، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل تبدیلی اور ذمہ دار پارلیمانی طرزِ عمل کے لیے پنجاب اسمبلی کے عملی اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔پنجاب اسمبلی میں 655 کلوواٹ کا سولر نظام نصب کیا گیا ہے، جس میں 1,111 سولر پینلز شامل ہیں۔

پیپر لیس پارلیمانی نظام کے تحت بجٹ سیشن 2026-27 میں ایجنڈے کی پرنٹنگ تقریبا 70 ہزار سے کم کرکے 8 ہزار صفحات تک لائی گئی، جبکہ بجٹ بکس کے 600 مطبوعہ سیٹس کی ضرورت بھی ختم کردی گئی۔ اسی طرح ماحولیاتی تحفظ کے لیے اسمبلی میں 15 لاکھ گیلن گنجائش کا بارشی پانی کو محفوظ کرنے کا نظام قائم کیا گیا ہے،اس کے علاوہ گرین اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کاکس تشکیل دیا گیا اور اسمبلی کے احاطے کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ گرین میس اعزاز پنجاب اسمبلی کی ماحولیاتی پائیداری کے لیے عملی اقدامات کا اعتراف ہے، یہ اعزاز اسمبلی میں جاری ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید، ڈیجیٹل اور ماحول دوست پارلیمان بنانے کا عمل جاری رہے گا۔

سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی نے کہا کہ گرین میس اعزاز پنجاب اسمبلی میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو جدید، ڈیجیٹل اور ماحول دوست پارلیمان بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔