رحیم یارخان ،وزیراعظم خصوصی پیٹرول سبسڈی پر عملدرآمد بابت ڈپٹی کمشنر نےپٹرول پمپس کا دورہ کیا

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی پیٹرولیم ریلیف سبسڈی پر عملدرآمد اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے

رحیم یارخان ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی پیٹرولیم ریلیف سبسڈی پر عملدرآمد اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے مختلف پیٹرول پمپس پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی پیٹرولیم ریلیف اسکیم کے تحت شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پیٹرول پمپس انتظامیہ سے سبسڈی کے طریقہ کار، شہریوں کی سہولت اور سروس کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور موقع پر موجود شہریوں سے بھی براہِ راست گفتگو کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے کم آمدن والے طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد مہنگائی کے موجودہ حالات میں کم آمدن والے شہریوں کے سفری و معاشی اخراجات میں کمی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری متعلقہ پورٹل کے ذریعے اپنی موٹر سائیکل، لوڈر رکشہ، سواری رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں رجسٹرڈ کروا کر اس خصوصی پیٹرولیم ریلیف سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور رجسٹریشن کے لیے متعلقہ پورٹل سے رجوع کریں۔انہوں نے پیٹرول پمپس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم کی خصوصی پیٹرولیم ریلیف اسکیم کے تحت آنے والے شہریوں کو سہولت کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، شفاف طریقہ کار اپنایا جائے اور ریلیف کی فراہمی کے عمل میں مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی ریلیف پروگرام پر مؤثر عملدرآمد اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سبسڈی حاصل کرنے والے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ان سے ریلیف کے حصول کے طریقہ کار، سہولت اور سروس کے معیار کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پیٹرول پر خصوصی سبسڈی فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔