محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ سٹاک کی آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 26 اگست مقرر کر دی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’غیر قانونی اسلحے سے پاک، محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت صوبہ بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے لیے بزنس آرمز لائسنس (بی اے ایل) ہولڈرز کا …
پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار، موجودہ سٹاک کی آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 26 اگست مقرر

مزید خبریں
راولپنڈی۔20اگست (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ سٹاک کی آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 26 اگست مقرر کر دی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’غیر قانونی اسلحے سے پاک، محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت صوبہ بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے لیے بزنس آرمز لائسنس (بی اے ایل) ہولڈرز کا انوینٹری ماڈیول نافذ کر دیا گیا ہے۔تمام اسلحہ ڈیلرز اپنے پاس موجود مکمل سٹاک، بندوقوں، گولیوں اور دیگر اسلحے کا ریکارڈ پنجاب آرمز لائسنس کے آن لائن پورٹل پر درج کرنے کے پابند ہوں گے۔
اسی طرح اسلحہ ڈیلرز کی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ بھی آن لائن دستیاب ہوگا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسلحہ ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے موجودہ سٹاک کی مکمل تفصیلات آن لائن درج کریں۔ اس مقصد کے لیے پنجاب آرمز لائسنس کے آن لائن پورٹل پر انوینٹری اپ لوڈ کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ان کے متعلقہ اضلاع کے اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات بھی ارسال کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ متعلقہ ضلع کے تمام اسلحہ ڈیلرز مقررہ مدت کے اندر اپنے موجودہ سٹاک کا ریکارڈ آن لائن درج کریں اور ریکارڈ اپ ڈیٹ ہونے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب کو رپورٹ ارسال کی جائے۔
ترجمان نے کہا کہ اپنی انوینٹری مقررہ مدت تک آن لائن اپ لوڈ نہ کرنے والے اسلحہ ڈیلرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔قانون کے تحت سٹاک کی تفصیلات اپ لوڈ نہ کرنے پر اسلحہ ڈیلر کا لائسنس معطل، کاروبار سیل اور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اسلحہ ڈیلرز کو ’’پنجاب آرمز لائسنس انوینٹری ماڈیول‘‘ کے استعمال اور آن لائن پورٹل پر سٹاک درج کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی جا رہی ہے جو 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر دفاتر سے آن لائن بھی تربیتی ورکشاپ میں شرکت کر سکیں گے۔
ورکشاپ کے دوران اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل کے استعمال، موجودہ سٹاک کی تفصیلات درج کرنے اور انوینٹری ماڈیول سے متعلق ضروری امور کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ اسلحہ ڈیلرز کو اپنے مسائل اور سوالات پیش کرنے کا بھی موقع دیا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈیجیٹل انوینٹری کے نظام سے اسلحہ ڈیلرز کے سٹاک اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ آن لائن دستیاب ہوگا، جس سے اسلحے کے ریکارڈ کی موثر نگرانی اور نظام میں شفافیت کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔








