اسلام آباد اور پنجاب کے 36 اضلاع میں اوورسیز کورٹس فعال، کے پی اور سندھ بھی خصوصی عدالتوں کے قیام میں تیزی لائیں، وفاقی وزیر عون چوہدری

اسلام آباد اور پنجاب کے 36 اضلاع میں اوورسیز کورٹس فعال، کے پی اور سندھ بھی خصوصی عدالتوں کے قیام میں تیزی لائیں، وفاقی وزیر عون چوہدری

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیر مملکت سمندر پار پاکستانیز عون چوہدری نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ اور تنازعات کے فوری حل کے لئے اسلام آباد اور پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں خصوصی اوورسیز کورٹس مکمل طور پر فعال ہیں، خیبر پختونخوا اور سندھ حکومتیں بھی اپنے صوبوں میں ان عدالتوں کے قیام کے لئے قانون سازی اور عملدرآمد کا عمل تیز کریں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر عون چوہدری نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے زمین اور جائیداد سے متعلق تنازعات کا بروقت اور شفاف حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد کے بعد پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں اوورسیز کورٹس قائم کر کے فعال کر دی گئی ہیں جہاں دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اوورسیز کورٹس کے قیام کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ درخواست اور بل بھجوایا گیا تھا جو تاحال صوبائی حکومت کے پاس زیرِ غور ہے۔ انہوں نے کے پی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ کر کے اوورسیز کورٹس کے بل کو جلد منظور کرائیں تاکہ وہاں بھی عدالتیں فعال ہو سکیں۔

عون چوہدری نے کہا کہ اسی طرز پر حکومت سندھ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سے بھی گزارش کی جا رہی ہے کہ وہ صوبے میں سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خصوصی کورٹس کے قیام کے عمل کو تیز کریں۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر تحریری طور پر آگاہ کریں تاکہ سندھ اور کے پی کے میں پارلیمان کی سطح پر بھی قانون سازی اور صوبائی رابطوں کے سلسلے میں ضروری اقدامات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید خبریں