پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے ایمرجنسی سیفٹی آلات لازمی قرار

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ سفر اور انسانی جانوں کے تحفظ کے ویژن کے تحت پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے ایمرجنسی سیفٹی آلات لازمی قرار دے دیے گئے ہیں

لاہور۔20جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ سفر اور انسانی جانوں کے تحفظ کے ویژن کے تحت پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے ایمرجنسی سیفٹی آلات لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک سید ندیم عباس نے تمام سٹی ٹریفک افسران اور ضلعی پولیس افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے کے مطابق پنجاب بھر میں چلنے والی تمام پبلک سروس گاڑیوں میں فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے فائر ایکسٹنگوشر،ہنگامی صورتحال میں مسافروں کی مدد کیلئے ایمرجنسی ہتھوڑا، ٹارچ اور فرسٹ ایڈ باکس رکھنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ریفلیکٹو تکونی کونز،ٹوونگ رسی اور حفاظتی دستانوں کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے واضح کیا کہ حفاظتی سامان کے بغیر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ریسکیو اداروں کے تعاون سے ٹرانسپورٹرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے عملی مشقیں بھی کروائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت اور موثر اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے روڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں حفاظتی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔