پنجاب میں ثانوی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے 10 کروڑ ڈالر کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کے تحت کم از کم 10 ہزار اساتذہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم) اور گرین سکلز کی تربیت دی جائے گی۔
پنجاب میں 10 ہزار اساتذہ کو سٹیم اور گرین سکلز کی تربیت دی جائے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):پنجاب میں ثانوی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے 10 کروڑ ڈالر کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کے تحت کم از کم 10 ہزار اساتذہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم) اور گرین سکلز کی تربیت دی جائے گی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق رسپانسیو، ریڈی اینڈ ریزیلینٹ سٹیم سیکنڈری ایجوکیشن اِن پنجاب پروگرام جون 2030 تک جاری رہے گا۔اس پروگرام کا مقصد خصوصاً طالبات کے لئے معیاری سٹیم تعلیم تک رسائی بہتر بنانا، سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنا، جدید لیبارٹریاں قائم کرنا اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا ہے۔
دستاویزات کے مطابق پروگرام کے تحت شریک سکولوں میں نویں اور دسویں جماعت کے کم از کم 50 ہزار اضافی طلبہ کا داخلہ یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں کم از کم نصف طالبات ہوں گی۔منصوبے کے تحت کم از کم 2,300 سکولوں میں کثیر المقاصد سٹیم لیبارٹریاں تعمیر یا جدید خطوط پر استوار کی جائیں گی جنہیں جدید سافٹ ویئر اور لیبارٹری آلات سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔ دستاویزات کے مطابق پروگرام کے تحت کم از کم 10 ہزار اساتذہ کو صنفی حساسیت اور شمولیتی اصولوں پر مبنی سٹیم اور گرین سکلز کی تربیت فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ پروگرام کے تحت سٹیم اور گرین سکلز کلبز بھی قائم کئے جائیں گے جن سے پروگرام میں شامل سکولوں کی کم از کم 40 ہزار طالبات مستفید ہوں گی۔
منصوبے میں سکولوں کی قیادت اور انتظامی صلاحیت کو مضبوط بنانے، کم از کم 100 شریک سکولوں میں لیبارٹریوں کے انتظام کو نجی شعبے کے شراکت داروں کے سپرد کرنے اور دسویں جماعت کے سائنس کےطلبہ کے تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کا مقصد سائنس کی تعلیم کو مضبوط بنانا اور طلبہ کو عملی علم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم اور مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔








