پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ 5 لاکھ 23 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کر دیے،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔2جون (اے پی پی):پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ 5 لاکھ 23 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ماہ 1 لاکھ 79 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ اسی دوران 1 لاکھ 54 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں نے گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ حاصل کیے، جبکہ 2 ہزار سے زائد نئے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ مزید برآں 95 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف خدمات حاصل کیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانونا جرم ہے ، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی تعداد میں اضافے سے پنجاب میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔محمد وقاص نذیر نے شہریوں پر زور دیا کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے فورا بعد ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈان لوڈ کریں کیونکہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت اور افادیت روایتی کارڈ پر مبنی ڈرائیونگ لائسنس کے برابر ہے۔








