پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے 16 افسران کی امریکہ میں خصوصی تربیت مکمل

پنجاب میں جدید پروبیشن اینڈ پیرول نظام کے فروغ، حادثاتی مجرمان کی اصلاح و بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے وژن کے تحت پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے 16 سینئر افسران نے امریکہ میں خصوصی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ تربیت مکمل کرنے والے افسران نے سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی اور تربیتی پروگرام کی رپورٹ پیش کی۔

لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں جدید پروبیشن اینڈ پیرول نظام کے فروغ، حادثاتی مجرمان کی اصلاح و بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے وژن کے تحت پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے 16 سینئر افسران نے امریکہ میں خصوصی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ تربیت مکمل کرنے والے افسران نے سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی اور تربیتی پروگرام کی رپورٹ پیش کی۔ سیکرٹری داخلہ نے افسران کو تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ ’’ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام‘‘ ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد کیا گیا جبکہ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے مکمل ہوا۔ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے وفد کی قیادت ڈی جی شاہد اقبال نے کی۔ تربیتی پروگرام کے دوران ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت نے پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہا۔ تربیتی پروگرام میں ’’بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت‘‘ کے بنیادی فلسفے کو اجاگر کرتے ہوئے شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی گئی۔ دوران تربیت الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی آفنڈر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا گیا۔

ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی نگرانی کے طریقہ کار پر خصوصی تربیت دی گئی۔ تربیت کے دوران پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے ہر افسر نے پنجاب میں قابلِ عمل اصلاحات کے حوالے سے انفرادی ایکشن پلان بھی پیش کیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جانے والے افسران صرف ٹرینی نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تربیت مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز فوری طور پر تربیتی پریزنٹیشنز اور ماڈیولز تیار کریں اور تربیتی مواد دیگر افسران تک منتقل کرکے ان کی بھی تربیت یقینی بنائی جائے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ امریکی تربیت یافتہ افسران کو دیگر اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں بھی سونپی جائیں تاکہ ان کے حاصل کردہ علم اور تجربے سے زیادہ سے زیادہ افسران استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے آفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔

پروبیشن پر رہا ہونے والے افراد کی موثر نگرانی کیلئے موبائل ایپ بھی متعارف کروائی جائے گی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، چیف کوآرڈینیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ اور ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی موجود تھے جبکہ آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور اے آئی جی جوڈیشل ڈاکٹر قدیر عالم نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔