اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کا عوامی شکایات کے بہتر حل کا مشن جاری ہے، پنجاب پولیس کے اعلی افسران کیلئے پاکستان سیٹیزن پورٹل سے متعلق ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آفس میں قائم پی ایم ڈیلیوری یونٹ کے حکام کی جانب سے جاری مراسلہ میں آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کو ذاتی طور پر ٹریننگ میں شرکت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ورکشاپ میں تمام اعلی افسران کو بذریعہ وڈیو لنک شکایات کے حل پر تفصیلی بریفینگ دی جائے گی۔ بریفینگ وزیراعظم پاکستان کے آفس میں قائم پی ایم ڈیلیوری یونٹ کے حکام کی جانب سے دی جائے گی۔ ورکشاپ میں اعلی افسران کے سطح پر عوامی شکایات کی صحیح اور دیرپا حل کیلئے پالیسی سازی پر بریفینگ دی جائے گی۔پنجاب پولیس کے بعد باقی صوبوں کے اعلی پولیس افسران کو بھی ٹریننگ دی جائے گی۔واضح رہے، آئی جی پنجاب کے دفتر سے تفصیلی آڈٹ ہونے کے بعد متعلقہ افسران کیلئے ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریننگ کا انعقاد اسی ہفتے کیا جائیگا۔