پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے

پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل ہے۔

لاہور۔2اگست (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔کالا باغ 2 لاکھ72 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاو2 لاکھ73 ہزار ہے۔ وزیر آباد میں ناکہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ نالہ پلکھو میں پانی کا بہاو3400 کیوسک ہے۔

نارروال میں نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریائوں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہائو میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں کے باعث لاہور ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری ،گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ڈی جی سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔