پنجاب کے دریائوں کا بہائو 24 گھنٹوں کے دوران مستحکم رہا، ترجمان پی ڈی ایم اے

پنجاب کے دریائوں کا بہائو 24 گھنٹوں کے دوران مستحکم رہا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، کالا باغ 3 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں3 لاکھ70 ہزار کیوسک ہے

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):پنجاب کے دریائوں کا بہائو 24 گھنٹوں کے دوران مستحکم رہا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، کالا باغ 3 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں3 لاکھ70 ہزار کیوسک ہے۔ تونسہ بیراج میں پانی کا بہائو3 لاکھ 13 ہزار کیو سک ہے دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی ہو رہی ہے۔ سیلابی صورتحال نچلے درجے پر آگئی ہے،چناب میں مرالہ ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر نچلے دجے کا سیلاب ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہائو1 لاکھ43 ہزار کیوسک ،خانکی کے مقام پر1 لاکھ38 ہزار کیوسک اور قادر آباد کے مقام پانی کا بہائو1 لاکھ35 ہزار کیوسک جبکہ تریموں میں پانی کا بہائو1 لاکھ84 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، بلوکی کے مقام پر پانی کا بہائو 81 ہزار کیوسک جبکہ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہائو60 ہزار کیوسک ہے۔اسی طرح جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بہائو نارمل ہے۔ ترجمان کے مطابق نارروال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔ نالہ ایک میں نچلے درجے جبکہ وزیر آباد میں نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے،نالہ پلکھو میں پانی کا بہائو5 ہزار کیوسک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریائوں کے بہائو میں اضافہ ہوا ، اب دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ عمر عباس میلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔