پنجاب کے 236 کھلاڑیوں کو جلد سی ایم سپورٹس کارڈز جاری کیے جائیں گے،ڈاکٹر آصف

سیکرٹری سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود، مالی معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سیکرٹری سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود، مالی معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور جی ایم پنشن فنڈ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے 236 کھلاڑیوں کو جلد سی ایم سپورٹس کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا کہ ان کارڈز کے ذریعے کھلاڑیوں کو پلاٹینیم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز کے تحت ماہانہ ایک لاکھ 75 ہزار روپے اور 50 ہزار روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے پہلے میڈیکل سینٹر کے قیام اور اس کے لیے عملہ بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں مکس مارشل آرٹس ایونٹ راولپنڈی کی سپانسرشپ، تھائی لینڈ میں لیزر رن مقابلوں میں میڈلز حاصل کرنے والے سی ایم پنجاب اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں نیوزی لینڈ سکھ گیمز میں ٹیم بھجوانے، سکولز کالجیٹ گیمز اور پاک چائنا گیمز کے اخراجات کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ پیرا ایتھلیٹ محمد علی کے لیے پانچ لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ کی بھی منظوری دی گئی۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس کو مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا بنیادی مقصد کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی ہے، تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں