پولیو مہم کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں، سربراہ پولیو پروگرام پنجاب

سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن،سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خالد پرویز اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور گزشتہ مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا

فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن،سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خالد پرویز اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور گزشتہ مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے پری کمپین انتظامات، مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تشکیل، ٹرانزٹ پوائنٹس اور فیلڈ مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی اور حاصل شدہ اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خالد پرویز نے پری کمپین انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں، قومی وقار اور پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم کے ہر مرحلے میں اعلیٰ معیار یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی کوالٹی صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کی فیلڈ میں بھی مکمل تصدیق اور درستگی یقینی بنائی جائے۔ پولیو ٹیموں کی تربیت، مانیٹرنگ، کوریج اور فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پری کمپین ایکسرسائز کو سنجیدگی سے مکمل کیا جائے اور فیلڈ میں سامنے آنے والے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ فیصل آباد میں انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مہم کے دوران سو فیصد کوریج یقینی بنانے کے لئے مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، اس مقصد کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی، کارکردگی اور بچوں کی ویکسینیشن کی مکمل نگرانی کی جائے جبکہ رہ جانے والے بچوں کو فوری طور پر کور کیا جائے۔اجلاس میں پولیو مہم کے دوران سکیورٹی انتظامات، ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ، ٹیموں کی مانیٹرنگ، مسنگ چلڈرن کی کوریج اور مہم کے بعد ڈیٹا ویلیڈیشن کے امور بھی زیرِ غور آئے۔اجلاس میں محکمہ صحت، پولیو پروگرام اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔