پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں ،حکومت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، وفاقی وزیر قانون و انصاف

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں ،حکومت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، وفاقی وزیر قانون و انصاف

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):ایوان بالا کو بتایا ہےگیا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں اور حکومت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ہدفی سبسڈی کے ذریعے ریلیف فراہم کر رہی ہے۔منگل کو وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ فریٹ چارجز بھی بڑھ گئے ہیں جس سے درآمدی لاگت میں اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ خام تیل کی قیمت جو پہلے تقریباً 67 ڈالر فی بیرل تھی اب بڑھ گئی ہے جبکہ کمپنیوں کی جانب سے وصول کیا جانے والا پریمیم بھی 5 سے 7 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 50 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

وزیرقانون نے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں من مانی طور پر مقرر نہیں کی جا سکتیں کیونکہ پٹرولیم مصنوعات عالمی مارکیٹ ریٹس، فریٹ اور دیگر اخراجات کے مطابق درآمد کی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی ہے جبکہ بعض ممالک میں پٹرول پمپس کے باہر قطاریں دیکھنے کو ملیں۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے رابطے کے بعد پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کی ہے تاکہ کچھ ریلیف دیا جا سکے جس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمت میں کمی ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل سواروں اور تین پہیہ گاڑیوں کے لئے 100 روپے فی لیٹر تک سبسڈی دی جا رہی ہے جو ماہانہ 20 لیٹر تک محدود ہوگی اور یہ رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اقدامات کئے ہیں جن میں وفاقی حکومت کے ایندھن اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں 50 فیصد کمی شامل ہے۔وزیر قانون کے مطابق کابینہ اراکین نے سرکاری گاڑیاں واپس کر دی ہیں اور وزیر اعظم کی ہدایت پر چھ ماہ کی تنخواہیں رضاکارانہ طور پر چھوڑنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی حالات میں قومی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے اور تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ توانائی کی بچت اور دیگر کفایتی اقدامات میں حکومت کا ساتھ دیں۔

 

مزید خبریں