پیر کی رات سے 16 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث ملک کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

پیر کی رات سے 16 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث ملک کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات سے 16 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث جنوب مشرقی سندھ(تھرپارکر،ننگر پارکر،اسلام کوٹ، مٹھی،عمر کوٹ، ٹھٹھہ ،بدین)، اسلام آبادراولپنڈی،پشاور، مردان، صوابی،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ،فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے،موسلا دھار بارش کے باعث دیر، چترال،سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اورراولپنڈی کے مقامی ندی /نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،موسلادھار بارش ،ژالہ باری، آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہوا کا کم دبائو جنوب مشرقی راجستھان اور ملحقہ شمالی گجرات کے علاقوں میں موجود ہے جو آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مزید مغرب/جنوب مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہےجبکہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔کل (منگل کو) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ خیبر پختونحوا،گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب ، اسلام آباداورجنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائوں/آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر ، بالائی خیبر پختونحوا، جنوب مشرقی سندھ اور خطہ پوٹھوہارمیں چند مقاما ت پرآندھی / موسلادھار بارش /ژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ وسطی/جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم زیریں سندھ، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش سندھ: مٹھی 13، بدین 06، تھرپارکر (ننگرپارکر 02)، پنجاب: اسلام آباد (سید پور 14، زیرو پوائنٹ 02)، گجرات 05، چکوال 03، منگلا 01، خیبر پختونخوا: باچا خان ایئرپورٹ 04، پشاور (ایئرپورٹ 02، سٹی 01)، دیر ، تخت بھائی 01، گلگت بلتستان: بابوسر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : لسبیلہ ،شہید بینظیر آباد43، نوکنڈی ،میرپورخاص، سبی ، دالبندین اور تر بت میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں