پیمرا قوانین کی خلاف ورزی پر جیو نیوز کو نوٹس، لائسنس 15 دن کیلئے معطل

"پیمرا نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کر دیں۔”

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ”جیو نیوز “ کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی نشریات 15 دن کے لیے معطل کر دیں۔

پیمرا سے جاری بیان کے مطابق جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے پروگرام”سفرِ عشق“ میں ناقابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی۔ پیمرا نے کہا کہ ایسی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی نہ صرف لائسنس کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار اور اصولوں کے بھی منافی ہے۔ پیمرا کے مطابق ایسی تصویر کشی قانون اور پیمرا کی کئی شقوں کی سراسر خلاف ورزی ہےجس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور ہونے کا خدشہ ہے،جس کی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس معطل کیا جا رہا ہے۔ پیمرا نے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح ہونے اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کے پیشِ نظر یہ احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ پیمرا نے کہا کہ جیو نیوز پر لازم تھا کہ مذہبی پروگرام نشر کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیا جاتا اور ادارے کی اندرونی کمیٹی ایسے معاملات کا خود جائزہ لیتی، تاہم وہ اس میں ناکام رہی۔ پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس فی الفور 15 دن کے لیے معطل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام احکامات پیمرا قوانین کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں۔ پیمرا کے مطابق جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر معطل رہیں گی جبکہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور آپریٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پیمرا نے کہا کہ اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی مزید کارروائی کے لیے سماعت کرے گی اور مزید ریگولیٹری ایکشن کی سفارشات مرتب کرے گی۔ پیمرا نے جیو نیوز کو احکامات جاری کئے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔