پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ ہمارے لئے قابل احترام ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مرکز میں ہماری اتحادی جماعت ہے اور ان کی لیڈرشپ ہمارے لئے قابل احترام ہے تاہم پیپلزپارٹی کے بعض رہنما جلسوں میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف بیانات دیتے ہوئے یہ بات بھول رہے ہیں کہ آزاد کشمیر میں ان کی اپنی حکومت ہے۔

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مرکز میں ہماری اتحادی جماعت ہے اور ان کی لیڈرشپ ہمارے لئے قابل احترام ہے تاہم پیپلزپارٹی کے بعض رہنما جلسوں میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف بیانات دیتے ہوئے یہ بات بھول رہے ہیں کہ آزاد کشمیر میں ان کی اپنی حکومت ہے۔

منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے مسائل کا نوٹس لیا اور ان کی ہدایت پر وزرا کی ٹیم نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور مسائل پرامن طریقے سے حل کیے، 27 ستمبر 2025 کو ہم نے مظفرآباد کا دورہ کیا، 3 اکتوبر 2025 کو آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ طے پانے کے بعد وزیراعظم نے وفاقی وزرا اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو بلا کر مشاورت کی اور وزیرخزانہ کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جتنی رقم چاہئے فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے 35 نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا، 30 مئی 2026 کو بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ہم نے مظفرآباد میں بیٹھ کر مذاکرات کئے، ہم نے برملا کہا کہ کشمیر سے متعلق ہر مسئلے کا حل کشمیریوں نے خود نکالنا ہے، کشمیری عوام جو بھی فیصلہ کریں گے اس میں وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جلسے میں کشمیریوں کے فیصلے کی جو بات کی گئی وہ دراصل ہمارے ہی موقف کی تائید ہے، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے اوروہاں کے وزیر اعظم فیصل راٹھور کے اقدامات کو وفاق نے سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے مثبت کردار سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ سیاسی مقبولیت کے لیے کشمیر میں کسی قسم کی تفریق یا تفرقہ بازی پھیلانے کے حق میں نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں آزاد کشمیر میں اتحاد، یکجہتی اور امن چاہیے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت ایک پھلتا پھولتا اور پرامن کشمیر دیکھنا چاہتی ہے، کشمیر پاکستان کے ہر شہری کے دل میں بستا ہے۔

مزید خبریں