پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سچائی، جمہوریت اور عوامی شعور کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی صحافیوں کو تشدد، دھمکیوں یا انصاف …

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سچائی، جمہوریت اور عوامی شعور کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی صحافیوں کو تشدد، دھمکیوں یا انصاف سے محروم کر کے خاموش کرنا صرف افراد پر نہیں بلکہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور اس پر قدغنیں جمہوری اقدار کو کمزور کرتی ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں صحافیوں پر ہونے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے مظالم انسانی تاریخ کے شرمناک ابواب ہیں جنہیں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینا چاہیے،قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری وژن کی روشنی میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائلز کا سامنا کرنے کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اُن بہادر صحافیوں کو سلام پیش کریں گے جو سچائی کے علمبردار ہیں، اور اُن کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں صحافی آزادی، وقار اور اُمید کے ساتھ اپنا پیشہ ورانہ فریضہ انجام دے سکیں۔