پیپلز پارٹی کشمیر ی عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے،ملائکہ رضا

پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق سیل کی جنرل سیکرٹری مَلائکہ رضا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتی ہے اور بھارت کے غیرقانونی زیرِتسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت، وقار، آزادی اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق سیل کی جنرل سیکرٹری مَلائکہ رضا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتی ہے اور بھارت کے غیرقانونی زیرِتسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت، وقار، آزادی اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور سیاسی ورثے سے وابستہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

تنازع کشمیر کے حوالے سے کئی دہائیوں پر محیط کشیدگی، بنیادی آزادیوں پر پابندیاں اور سیاسی اظہارِ رائے کو دبانے کے اقدامات محض ہر سال یکجہتی کے اعلانات سے کہیں بڑھ کر عملی اقدامات کے متقاضی ہیں۔مَلائکہ رضا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے انسانی حقوق سیل نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مؤثر احتساب، سیاسی آوازوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس، مسلسل اور مؤثر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ یکجہتی کا عملی اظہار کشمیری عوام کے تحفظ کی صورت میں ہونا چاہیے اور تشویش کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا۔

مسئلہ کشمیر کو محض سفارتی رسمی کارروائی تک محدود نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے غیرمعینہ مدت تک محروم رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں منصفانہ اور پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے ایسے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں، جو بین الاقوامی وعدوں اور ذمہ داریوں کا احترام کرنے کے ساتھ کشمیری عوام کی امنگوں کا بھی ترجمان ہو۔مَلائکہ رضا نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ ان کی جدوجہدِ انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے جائز حق کے حصول تک کھڑی رہے گی۔