پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایمپلائز کی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور چغتائی لیب کے اشتراک سے ارفع ٹاور میں خصوصی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا
پی آئی ٹی بی کے زیراہتمام ارفع ٹاور میں ایمپلائز کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپ کا انعقاد
لاہور۔17جون (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایمپلائز کی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور چغتائی لیب کے اشتراک سے ارفع ٹاور میں خصوصی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد ایمپلائز اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا اور احتیاطی طبی معائنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ میڈیکل کیمپ میں شرکا کو ہیموگلوبن A1c ٹیسٹس پر 50 فیصد رعایت، تمام پیتھالوجی ٹیسٹس پر 25 فیصد رعایت جبکہ دیگر لیب ٹیسٹ کے ساتھ بلڈ شوگر ٹیسٹ بالکل مفت کیے گئے۔
اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ادارے کی کامیابی کا انحصار اس کے افرادی قوت کے جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند ہونے پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے میڈیکل کیمپس نہ صرف بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر تدارک میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ ایمپلائز میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور احتیاطی طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پی آئی ٹی بی کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن ونگ کی جانب سے PITB Connect 360 پروگرام کے تحت منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیاں ایمپلائز کے ذہنی توازن، آن لائن سکیورٹی سے آگاہی اور محفوظ ورک پلیس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔









