سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ہدایات اور وفاقی سیکرٹری تعلیم کی خصوصی رہنمائی کے تحت چیئرمین پیرا اسلام آبادڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 کے تحت 10 فیصد مستحق طلبہ کے لئے لازمی سکالرشپس پر عملدرآمد کا جائزہ …
چیئرمین پیرا اسلام آباد ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اہم اجلاس ، اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں 10 فیصد لازمی سکالرشپس پر عملدرآمد کا جائزہ
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ہدایات اور وفاقی سیکرٹری تعلیم کی خصوصی رہنمائی کے تحت چیئرمین پیرا اسلام آبادڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 کے تحت 10 فیصد مستحق طلبہ کے لئے لازمی سکالرشپس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ متعدد نجی تعلیمی اداروں نے بارہا یاددہانی اور ہدایات کے باوجود سکالرشپ سے متعلق مطلوبہ معلومات پیرا اسلام آباد کو فراہم نہیں کیں۔ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ اتھارٹی قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر 10 فیصد سکالرشپ سکیم کے تحت نجی تعلیمی اداروں میں داخلہ دلایا جائے گا تاکہ کوئی بھی مستحق بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نادہندہ اداروں کو 30 جون 2026 تک مطلوبہ معلومات جمع کرانے کا آخری موقع دیا جائے۔ مقررہ تاریخ تک عدم تعمیل کی صورت میں متعلقہ اداروں کی رجسٹریشن و تجدید رجسٹریشن کی کارروائی روک دی جائے گی، ان کے نام پیرا اسلام آباد کی ویب سائٹ پر بطور نادہندہ شائع کئے جائیں گے اور متعلقہ امتحانی بورڈز کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔مزید برآں مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں اداروں پر جرمانے، رجسٹریشن کی معطلی اور پیرا اسلام آباد ایکٹ 2013 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ان نجی تعلیمی اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا جنہوں نے 10 فیصد سکالرشپس فراہم کرنے کے حوالے سے مکمل تعاون کیا ہے۔ ایسے اداروں کو ان کی سماجی ذمہ داری اور تعلیمی شمولیت کے فروغ میں کردار کے اعتراف میں تعریفی اسناد جاری کی جائیں گی۔پیرا اسلام آباد کے تمام بچوں، بالخصوص مستحق اور آؤٹ آف سکول بچوں، کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کے تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔








