پی ایس ایل سیزن 6 ،بائیو سیفٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے بعد دو افراد کو قرنطین کر دیا گیا

کراچی۔20فروری (اے پی پی):بائیو سیکوئیر ببل سے باہر کسی شخص کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 میں حصہ لینے والی ٹیموں میں سے ایک کھلاڑی اور ایک آفیشل کو تین روزہ قرنطین میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق پروٹوکول کے تحت بائیو سیفٹی ببل میں دوبارہ داخلے سے قبل دونوں افراد کو تین دن کے قرنطین مدت کے دوران دو منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔پی سی بی نے اس امر پر مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ کسی ایک فریق کے دو ارکان نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور کسی ایسے شخص سے رابطے میں آکر بائیو سیکوئیر ببل پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جو ببل کا حصہ نہیں تھا۔جیسا کہ اس سے پہلے بھی دہرایا گیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 سے وابستہ تمام افراد کی صحت اور حفاظت پی سی بی اور اس ایونٹ کے لئے خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں ، پلیئر سپورٹ اہلکاروں ، میچ آفیشلز اور فیملی کے ممبران کو ایک بار پھر پی سی بی کوویڈ 19 پروٹوکول کی مستعدی سے پیروی کرنے کی یاد دہانی کرائی گئی ہے کیونکہ پی سی بی کسی کو ٹورنامنٹ کی سالمیت اور ساکھ کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ فرنچائز ٹیم کے ایک کھلاڑی نے جو علامات ظاہر کیے تھے اور تنہائی میں تھے ، ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت ہے۔ اب وہ 10 دن تک قرنطین میں رہے گا اور قابل اطلاق دوبارہ انٹری پروٹوکول کے مطابق ٹیم میں دوبارہ ضم ہونے کے لئے دو منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔