پی ایس ایل فائنل میں لاہور قلندرز کے خلاف جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے‘ محمد عامر سے بہت امیدیں ہیں، عماد وسیم

کراچی ۔16نومبر (اے پی پی):کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہےکہ پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز کے خلاف جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے‘ جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی‘ محمد عامر سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل سے قبل میڈیا کانفرنس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کھیل میں مقابلے کا …

کراچی ۔16نومبر (اے پی پی):کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہےکہ پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز کے خلاف جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے‘ جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی‘ محمد عامر سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل سے قبل میڈیا کانفرنس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کھیل میں مقابلے کا رجحان ہونا چاہیے لیکن میچ میں تنائو اور تیزی سے اجتناب برتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ٹائٹل کے مقابلے کے دوران کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا، جو بھی ٹیم جیتے یا ہارے ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف غلطیاں کیں، میچ کو سپر اوور تک نہیں جانا چاہیے تھا، اپنے مداحوں کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔ عماد وسیم نے کہا کہ لاہور قلندر زکے تمام کھلاڑیوں کو خطرناک تصور کرتا ہوں۔ کسی ایک کھلاڑی کو آسان نہیں لیں گے۔ ہر کھلاڑی کے خلاف گیم پلان تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور کھلاڑی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، لاہور قلندرز پر اعتماد ہے لیکن فائنل مختلف ہوگا، دونوں ٹیموں کا کوئی بھی کھلاڑی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ عماد وسیم نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر سے بہت زیادہ امیدیں ہیں، انہوں نے ہی سپر اوور میں عمدہ بولنگ کرا کے فائنل میں رسائی دلوائی۔ بابر اعظم اور میں خود بھی ٹیم کے کام آنے کی کوشش کریں گے۔قومی ٹیم کے آل رائونڈر نے کہا کہ محمد رضوان پاکستان کے بہترین کھلاڑی اور وکٹ کیپر ہیں لیکن بدقسمتی سے رضوان کو کراچی کنگزمیں موقع نہیں مل پا رہا، فائنل کے لئے بھی چیڈوک والٹن اولین ترجیح ہیں، اگر وہ انجرڈ ہوئے تو رضوان کو موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ کے لئے حتمی کھلاڑیوں کا فیصلہ پریکٹس کے بعد کریں گے۔

مزید خبریں