پی ایس ایل میں مجموعی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ، نئی باؤلنگ تکنیکوں پر کام جاری ہے، عثمان طارق

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق نے کہا ہے کہ وہ اپنی باؤلنگ میں جدت لانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں اور نئی اقسام کی گیندوں پر کام جاری ہے۔

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق نے کہا ہے کہ وہ اپنی باؤلنگ میں جدت لانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں اور نئی اقسام کی گیندوں پر کام جاری ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران کسی خاص بلے باز کو ہدف بنانے کے بجائے ان کی توجہ مجموعی کارکردگی بہتر بنانے پر ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کے منفرد باؤلنگ ایکشن کو زیادہ زیرِ بحث لایا جاتا تھا تاہم اب ان کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے جو ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی طرح ان کی بھی کوشش ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائیں اور ٹورنامنٹ میں بہترین باؤلر بن کر ابھریں۔عثمان طارق نے ابرار احمد کے بارے میں کہا کہ وہ تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، جس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے اور باؤلنگ یونٹ پر دباؤ کم رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ، خصوصا ًہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی ہدایت پر وہ بیٹنگ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہے ہیں اور نیٹس میں باقاعدہ پریکٹس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کی تمام تر توجہ پی ایس ایل پر مرکوز ہے جبکہ دیگر لیگز کے بارے میں فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ ا نہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنا ہی اس کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔