پی ایس ایل 11کا قذافی سٹیڈیم میں شاندار آغاز، مریم نواز کی آمد پرپی سی بی کے چیئرمین کا پرتپاک استقبال

پی ایس ایل 11کا قذافی سٹیڈیم میں شاندار آغاز، مریم نواز کی آمد پرپی سی بی کے چیئرمین کا پرتپاک استقبال

لاہور۔26مارچ (اے پی پی):لاہور میں پاکستان سپر لیگ 11کا شاندار آغاز قذافی سٹیڈیم میں ہواجہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ کو پی ایس ایل 11میں شریک تمام ٹیموں کے مالکان سے متعارف کرایا گیا جبکہ انہوں نے لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔افتتاحی میچ میں شامل ٹیموں حیدرآباد کنگز اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں سے بھی وزیر اعلیٰ کی ملاقات کرائی گئی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ وسیم اکرم پی ایس ایل 11 کی ٹرافی میدان میں لے کر آئے جبکہ میچ سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا جس نے شائقین کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لیگ کے آغاز پر تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور محسن نقوی نے افتتاحی میچ بھی گروانڈ میں بیٹھ کر دیکھا۔تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا سلمان رفیق، فیصل ایوب کھوکھر، ایڈوائزر علی ڈار، چیف سیکرٹری، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔