لاہور۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ 11 کی ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا منگل کوانعقاد کیا گیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مہمانوں، کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی …
پی ایس ایل 11 کی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
لاہور۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ 11 کی ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا منگل کوانعقاد کیا گیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مہمانوں، کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی بھی کی گئی جبکہ لیگ کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔اپنے خطاب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد ہمیشہ مقدم ہوتا ہے اور آج کی یہ قربانی مستقبل میں آسانی کا باعث بنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل ایک عالمی سطح کا برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید ترقی دینا پاکستان کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔تقریب میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین اور علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان، ٹیموں کے کپتان، ہیڈ کوچز، پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے بین الاقوامی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔غیر ملکی کھلاڑیوں میں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین سمیت دیگر کرکٹرز کی شرکت تقریب کا خاصا رہی۔









