پی ایس بی کی پی ایچ ایف کو یکطرفہ کلب سکرونٹی شیڈول پر وضاحت جاری کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے ہاکی کلبوں کی سکرونٹی کے شیڈول کے یکطرفہ اجرا پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وضاحت جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔پیر کو پی ایس بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کلبوں کی سکرونٹی کا شیڈول بغیر کسی مشاورت، رابطے یا منظوری کے …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے ہاکی کلبوں کی سکرونٹی کے شیڈول کے یکطرفہ اجرا پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وضاحت جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔پیر کو پی ایس بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کلبوں کی سکرونٹی کا شیڈول بغیر کسی مشاورت، رابطے یا منظوری کے جاری کیا جس کا پاکستان سپورٹس بورڈ سے کوئی تعلق یا توثیق نہیں ہے،اس اقدام سے نہ صرف متعلقہ سٹیک ہولڈرز میں ابہام پیدا ہوا ہے بلکہ سکرونٹی کے عمل کی شفافیت اور ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام متعلقہ فریقین کو ایک باضابطہ وضاحت جاری کرےجس میں واضح طور پر بتایا جائے کہ پی ایچ ایف کے جاری کردہ شیڈول کے تحت کسی بھی ہاکی کلب کی سکرونٹی نہیں کی جا رہی۔وضاحت میں یہ بھی کہا جائے کہ ہاکی کلبوں کی کسی بھی قسم کی سکرونٹی صرف پاکستان سپورٹس بورڈ کی نگرانی، رابطہ اور دائرہ اختیار کے تحت ہی عمل میں لائی جائے گی جیسا کہ پہلے فیصلہ کیا جا چکا ہے۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے اس معاملے میں مکمل تعاون اور ہدایات پر عملدرآمد کی توقع ظاہر کی ہے یہ ہدایت ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کی منظوری سے جاری کی گئی ہے۔