پی ایس جی کابارسلونا کے باصلاحیت نوجوان ڈرو فرنانڈیز کے ساتھ معاہدہ

پیرس۔27جنوری (اے پی پی):فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)نے ہسپانوی کلب بارسلونا کے باصلاحیت نوجوان مڈفیلڈر ڈرو فرنانڈیز کو باضابطہ طور پر سائن کر لیا ہے۔ پی ایس جی نے اس منتقلی کے لیے بارسلونا کو کھلاڑی کی 6 ملین یورو سے کچھ زائد ریلیز کلاز ادا کی۔ای ایس پی این کے مطابق 18 سالہ ڈرو فرنانڈیز نے رواں ماہ بارسلونا انتظامیہ کو اس وقت حیران کر …

پیرس۔27جنوری (اے پی پی):فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)نے ہسپانوی کلب بارسلونا کے باصلاحیت نوجوان مڈفیلڈر ڈرو فرنانڈیز کو باضابطہ طور پر سائن کر لیا ہے۔ پی ایس جی نے اس منتقلی کے لیے بارسلونا کو کھلاڑی کی 6 ملین یورو سے کچھ زائد ریلیز کلاز ادا کی۔ای ایس پی این کے مطابق 18 سالہ ڈرو فرنانڈیز نے رواں ماہ بارسلونا انتظامیہ کو اس وقت حیران کر دیا تھا جب انہوں نے جنوری ٹرانسفر ونڈو میں زیادہ کھیلنے کے مواقع کی تلاش میں کلب چھوڑنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔

پی ایس جی میں اپنی باضابطہ پیشی کے موقع پر ڈروفرنانڈیز نے کہا کہ وہ اس منتقلی پر بے حد خوش اور فخر محسوس کر رہے ہیں اور نئی ٹیم کے لیے بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔یورپ کے کئی بڑے کلب اس نوجوان کھلاڑی کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے، تاہم پی ایس جی نے کوچ لوئس اینریکے کے کلیدی کردار کی بدولت بازی جیت لی۔ لوئس اینریکے نے فون پر ڈروفرنانڈیز سے بات چیت کر کے انہیں فرانس منتقل ہونے پر قائل کیا۔دوسری جانب بارسلونا کے ہیڈ کوچ ہانسی فلک ڈروفرنانڈیز کے فیصلے سے خوش نظر نہیں آئے۔ فلک نوجوان مڈفیلڈر پر خاصا اعتماد رکھتے تھے اور انہیں تھیاگو الکانتارا اور پیڈری سے تشبیہ دی جاتی رہی ہے۔

ڈروفرنانڈیز جو 2022 میں 14 سال کی عمر میں بارسلونا اکیڈمی میں شامل ہوئے تھے، کو ہانسی فلک نے پری سیزن ایشیا ٹور پر بھی ساتھ رکھا اور رواں سیزن لا لیگا اور چیمپئنز لیگ میں ڈیبیو کا موقع دیا۔ذرائع کے مطابق ڈروفرنانڈیز کو بارسلونا کے موجودہ سسٹم میں مستقل فرسٹ ٹیم جگہ ملنے کا واضح راستہ نظر نہیں آ رہا تھا، خاص طور پر مڈفیلڈ میں سخت مقابلے کے باعث اگرچہ انہوں نے رواں سیزن 5 میچز کھیلے، تاہم مجموعی طور پر صرف 148 منٹ میدان میں اتر سکے۔بارسلونا کلب کو توقع تھی کہ 18 برس کی عمر مکمل کرنے کے بعد ڈروفرنانڈیز نیا معاہدہ کریں گے، تاہم ان کے اچانک فیصلے نے اس امکان کو ختم کر دیا۔ اب یہ نوجوان سٹار آئندہ سیزن پی ایس جی کے رنگوں میں جلوہ گر ہوگا، جہاں ان سے روشن مستقبل کی امید کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں