پی ایف ایف صدر وامریکی سفیر کی ملاقات،پاکستان کا فیفا ورلڈ کپ کیلئے امریکہ کی بھرپور حمایت کا اعلان

لاہور۔23جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر سے ملاقات کی، جس کا مقصد فٹ بال کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ملاقات کے دوران صدر پی ایف ایف نے فیڈریشن کے نئے ویژن اور امریکی سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنے …

لاہور۔23جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر سے ملاقات کی، جس کا مقصد فٹ بال کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ملاقات کے دوران صدر پی ایف ایف نے فیڈریشن کے نئے ویژن اور امریکی سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے وزیر اعظم آفس اور وزارتِ کھیل کی جانب سے ملنے والی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آفس کے ساتھ ہمارا تعاون محض کھیل تک محدود نہیں، بلکہ یہ پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا ایک مشن ہے۔ ہم اپنے ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال کر ایسی نسل تیار کر رہے ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کی حقیقی معنوں میں نمائندگی کر سکے۔

امریکی سفیر نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران سید محسن گیلانی کی قیادت میں ہونے والی ادارہ جاتی ترقی اور فٹ بال کے مداحوں میں بڑھتے ہوئے جوش و خروش کی تعریف کی۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے تین بنیادی ترجیحات پر اتفاق کیا، جس میں خواتین فٹ بال کی ترقی، نوجوانوں کے لیے ہائی پرفارمنس پروگرامز اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تشہیری مہم (جس کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں)۔فیفا ورلڈ کپ کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے سید محسن گیلانی نے واضح کیا کہ پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2026 کی کامیاب میزبانی کی جانب امریکی سفر میں ان کی مکمل حمایت کا عہد کرتا ہے۔یہ مہم پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک سنہرا موقع ہے ،ہم اس عالمی جشن میں ایک کلیدی شراکت دار بننا چاہتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ شراکت داری محض کھیل تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ثقافتی تبادلے اور طویل المدتی نظم و نسق کے ذریعے پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل کو محفوظ بنائے گی۔