لاہور۔20فروری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں فٹ بال کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ایک اہم ملاقات کی۔اس اعلی سطح کی ملاقات کا محور نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی، کھلاڑیوں کی تکنیکی تربیت، انفراسٹرکچر کی بہتری اور پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی …
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات،پاکستان میں فٹ بال کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے پرتبادلہ خیال
لاہور۔20فروری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں فٹ بال کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ایک اہم ملاقات کی۔اس اعلی سطح کی ملاقات کا محور نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی، کھلاڑیوں کی تکنیکی تربیت، انفراسٹرکچر کی بہتری اور پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا تھا۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ پروگراموں، ٹیکنیکل ایکسچینج اور ادارہ جاتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف ایف صدر محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ایک پائیدار بنیاد کھڑی کرنا ہے، جس میں اکیڈمیز کو مضبوط بنانا، کوچنگ کے معیار کو بلند کرنا اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانا شامل ہے۔
سعودی عرب جیسے دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری ہمیں عالمی فٹ بال اسٹیج پر مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
انہوں نے ریاض کی جانب سے عملی اقدامات اور پروگراموں کے آغاز کے لیے مکمل آمادگی کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے مستقبل میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ حکام کے مطابق آنے والے مہینوں میں فالو اپ میٹنگز ہوں گی جن میں مخصوص منصوبوں اور ان کی تکمیل کے لیے ٹائم لائنز کا تعین کیا جائے گا، تاکہ اس تعاون کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔









