اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں پاک–چین دوستی کی شاندار عکاسی پیش کرتی مشترکہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے ثقافتی رشتوں اور 75 سالہ سفارتی تعلقات کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ۔ یہ نمائش چائنا میڈیا گروپ اور پی این سی اے کے اشتراک سے منعقد ہوئی ،جس میں پاکستانی اور چینی فنکاروں …
پی این سی اے میں پاک–چین دوستی کی شاندار عکاسی پیش کرتی مشترکہ آرٹ نمائش کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں پاک–چین دوستی کی شاندار عکاسی پیش کرتی مشترکہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے ثقافتی رشتوں اور 75 سالہ سفارتی تعلقات کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ۔ یہ نمائش چائنا میڈیا گروپ اور پی این سی اے کے اشتراک سے منعقد ہوئی ،جس میں پاکستانی اور چینی فنکاروں کے فن پارے پیش کئے گئے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات صرف سفارتی یا سٹریٹجک نوعیت کے نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نمائش رنگوں اور فن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلق کو نہایت خوبصورتی سے پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی ثقافتی سرگرمیاں نوجوان نسل کو اس تاریخی دوستی کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر Chen Peng مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور مسلسل تعاون پر مبنی دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے مشترکہ ثقافتی ورثے اور تخلیقی اظہار کو فروغ ملتا ہے جو دونوں اقوام کے درمیان قربت بڑھانے کا ذریعہ بنتا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت اور فنونِ لطیفہ عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ایسی نمائشیں باہمی احترام، ثقافتی تبادلے اور ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔ نمائش میں پاکستان اور چین کے معروف فنکاروں کے فن پارے پیش کئے گئے جنہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بے حد سراہا جن میں پاکستانی اور چینی شرکاء کی بڑی تعداد شامل تھی۔ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش قرار دی جا رہی ہے۔








