پی سی بی اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان کرکٹ گراونڈ کیلئے جگہ کی فراہمی کا معاہدہ
پی سی بی اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان کرکٹ گراونڈ کیلئے جگہ کی فراہمی کا معاہدہ

مزید خبریں
لاہور۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان کرکٹ گراونڈ کیلئے جگہ کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ۔معاہدہ کے تحت یونیورسٹی اپنے کیمپس میں ہائی پرفارمنس سنٹر کے لیے کرکٹ گراونڈ کی جگہ فراہم کرے گی۔معاہدے کے مطابق اس منصوبے کی مدت 25 سال رکھی گئی ہے۔
کرکٹ گراونڈ کی تعمیر اور ترقی پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا جبکہ یونیورسٹی کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے اپنے ہوسٹل اور میس کی سہولیات مفت فراہم کرے گی۔پی سی بی اس گراونڈ میں اعلی معیار کی میچ اور پریکٹس پچز کے ساتھ پویلین بھی تعمیر کرے گا اور اسے ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کے مطابق تمام ضروری سہولیات اور جدید مشینری سے آراستہ کیا جائے گا۔اس سہولت کے قیام سے ایبٹ ریجن کے انڈر 15 سے لے کر فرسٹ کلاس اور سکول کرکٹ کے کھلاڑی بھی مستفید ہوں گے۔
پی سی بی اس گراونڈ کو سال بھر ریجنل ٹریننگ کیمپس اور ریجنل اکیڈمی کے لیے بھی استعمال کرے گا۔اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شارون اور یونیورسٹی کے نمائندوں نے کیے۔اسامہ شارون نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام ایبٹ ریجن کے کھلاڑیوں کے لیے ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا قدم ہے۔








