پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے کھیل کے ضوابط میں اہم ترمیم کی تصدیق کر دی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے کھیل کے ضوابط میں اہم ترمیم کی تصدیق کر دی ہے، جس کا اطلاق مقابلوں کے آغاز سے ہی ہو چکا ہے۔

لاہور۔27مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے کھیل کے ضوابط میں اہم ترمیم کی تصدیق کر دی ہے، جس کا اطلاق مقابلوں کے آغاز سے ہی ہو چکا ہے۔ افتتاحی مقابلہ لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کھیلا گیا۔ تفصیل کے مطابق ترمیم شدہ ضوابط کے مطابق اب ہر ٹیم کا کپتان سکہ اچھالنے سے قبل گیارہ کھلاڑیوں کی دو مختلف فہرستیں جمع کرا سکے گا۔ ہر فہرست میں گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار متبادل فیلڈر شامل ہوں گے۔ سکہ اچھالنے کے بعد کپتان ان میں سے ایک فہرست کو حتمی شکل دے گا اور اسی کے مطابق ٹیم میدان میں اتاری جائے گی۔

حتمی فہرست جمع کرانے کے بعد مقابلہ شروع ہونے سے پہلے کسی بھی کھلاڑی کو تبدیل نہیں کیا جا سکے گا، جب تک کہ مخالف ٹیم کے کپتان کی منظوری حاصل نہ ہو۔ مزید یہ کہ کھیل کے آغاز کے بعد کسی کھلاڑی کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی، سوائے اس صورت کے جب کسی کھلاڑی کو سر پر چوٹ لگے اور اسے متبادل کے طور پر شامل کرنا ناگزیر ہو۔بورڈ کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد شبنم جیسے بیرونی اثرات کو کم کرنا ہے، جو اکثر مقابلے کے دوران ایک ٹیم کو غیر معمولی برتری فراہم کر دیتے ہیں۔مزید برآں واضح کیا گیا ہے کہ لیگ کا سرکاری نام ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ہی استعمال کیا جائے گا اور ذرائع ابلاغ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی خبروں اور نشریات میں اسی نام کو یقینی بنائیں۔