پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز اگست2026 سے ہوگا جبکہ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس ستمبر2026 سے شروع کیے جائیں گے۔
پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔27جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز اگست2026 سے ہوگا جبکہ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس ستمبر2026 سے شروع کیے جائیں گے۔ اس مرتبہ یہ ایونٹس دسمبر اور جنوری کے بجائے ستمبر میں منعقد ہوں گے۔ سیزن میں چار روزہ فرسٹ کلاس پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ I، لسٹ اے پریذیڈنٹس کپ، اور تین روزہ پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈII گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس شامل ہوں گے۔ 8 ٹیموں پر مشتمل پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ I اور پریذیڈنٹس کپ کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
پی سی بیکا کہنا ہے کہ وہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے تعاون سے مقابلوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے مستحکم مالی مواقع بھی پیدا کرے گا۔ پریذیڈنٹس کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کو خاص اہمیت دی جائے گی کیونکہ یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگا۔ چاروں ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس میں شریک تمام کھلاڑیوں کے لیے فٹنس کے اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے گا اور سلیکشن سے قبل پری سیزن فٹنس ٹیسٹ لازمی ہوں گے۔ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو زیادہ میچز کھلانے کے لیے "گیسٹ پلیئر” کا تصور بھی متعارف کرایا جائے گا۔
حال ہی میں پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈII سلور کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو گریڈII گولڈ میں ترقی دی جائے گی جبکہ گولڈ ٹورنامنٹ کی آخری دو ٹیمیں سلور گریڈ میں تنزلی کا شکار ہوں گی۔ پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈII گولڈ کی فاتح ٹیم ستمبر میں گریڈI فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔ ایم آئی ٹی سلیوشنز یا کنگز مین اکیڈمی میں سے ایک ٹیم گریڈI میں جگہ بنائے گی، جبکہ گریڈI کی آخری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم آئندہ سیزن میں گریڈ II گولڈ میں شرکت کرے گی۔








