‏پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر الیکشن سے فرار کا فیصلہ ان کی سیاسی کمزوری ہے، پی ٹی آئی عوامی حمایت نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

‏پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر الیکشن سے فرار کا فیصلہ ان کی سیاسی کمزوری ہے، پی ٹی آئی عوامی حمایت نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ‏پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر الیکشن سے فرار کا فیصلہ ان کی سیاسی کمزوری ہے، پی ٹی آئی عوامی حمایت نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو جماعت خود کو عوام کی سب سے بڑی نمائندہ قرار دیتی رہی، آج وہی عوام کے فیصلے سے بچنے کے لیے نت نئے جواز تراش رہی ہے، اگر واقعی عوام کے حقوق اور جمہوریت پر یقین ہوتا تو میدان نہ چھوڑتے۔

انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب سے قبل ماحول کو متنازع بنانا اور اداروں پر الزامات لگانا ان کا وطیرہ بن چکا ہے، انتخابی عمل سے کنارہ کشی اختیار کرنا ایک پرانی اور ناکام سیاسی حکمت عملی بن چکی ہے، عوام سے ووٹ مانگنے کے بجائے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنا حق رائے دہی کی توہین ہے، سیاسی جماعتیں عوام کے فیصلوں سے بھاگتی نہیں بلکہ ان کا سامنا کرتی ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابات سے فرار کسی اصول کی علامت نہیں بلکہ عوامی اعتماد سے محرومی کا اعتراف ہوتا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام جذباتی نعروں کے بجائے عملی قیادت، ذمہ دار سیاست اور جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کا راستہ بائیکاٹ اور سیاسی ڈراموں سے نہیں صرف بیلٹ بکس سے گزرتا ہے۔