پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں انتخابات جیتنے کے بعد واحد قومی جماعت کے طور پر ابھری ہے، آزادامیدواروں کو ملا کر حکومت بنا لیں گے،وفاقی وزیر شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گلگت بلتستان میں انتخابات جیتنے کے بعد واحد قومی جماعت کے طور پر ابھری ہے، گلگت بلتستان کی عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا ہے، دونوں جماعتوں کو چاہیے کہ شکست تسلیم کر لیں، پی ٹی آئی آزادامیدواروں کو ملا کر …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گلگت بلتستان میں انتخابات جیتنے کے بعد واحد قومی جماعت کے طور پر ابھری ہے، گلگت بلتستان کی عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا ہے، دونوں جماعتوں کو چاہیے کہ شکست تسلیم کر لیں، پی ٹی آئی آزادامیدواروں کو ملا کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات ہوئے ہیں، اکثریتی سیٹیں ملنا پی ٹی آئی کی بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی صرف ایک سیٹ جیت سکی تھی۔ شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ کے سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمان نے بیان دیا کہ سندھ حکومت کروڑوں روپے لیکر آئی تھی اس کے باوجود اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ ایک سنگین الزام ہے اس کو دیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پر ترس آ رہا ہے، وہ بری طرح پٹ گئے، ایک مہینہ مہم چلانے کے باوجود صرف تین سیٹیں جیت سکے، بلاول بھٹو سے شکست برداشت نہیں ہو رہی اسلئے دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں، چیف منسٹر ہمارا مسئلہ ہے، ہم چیف منسٹر بنا لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 11 ستارے اکٹھے ہو کر جلسے جلوس کر رہے ہیں لیکن ان کے جلسے جلوسوں سے حکومت کو پہلے فرق پڑا ہے اور نہ اب پڑے گا، حفیظ الرحمان کے بیان سے پی ڈی ایم میں پھوٹ نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کیلئے آئے اور پر امن پولنگ ہوئی، ہم انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہیں، اگر ن لیگ اور پی پی کے رہنما بھی خود کو جمہوری سمجھتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ شکست کو قبول کر لیں اور آگے بڑھیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ کورونا وائرس پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے تین جلسے منسوخ کئے، اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ ذمہ داری کا ثبوت دیں اور کوئی ایسا اقدام نہ کریں جس سے لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد لا سکتی ہے تو لائے، کس چیز کا انتظار ہے، حکومت گرانا اپوزیشن کے بس کے بات نہیں، اپوزیشن جماعتیں اگلے انتخابات تک انتظار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پھیلنے کے بعد وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے مل کر مشاورت کے بعد فیصلے کئے، ابھی سکولوں کو بند کرنے پر اتفاق نہیں ہو سکا، سردیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، 23 نومبر کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے کورونا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ معیشت کا پہیہ چلانا چیلنج ہے، اس لئے پہلے کی طرح ہمیں متوازن ماحول کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔