پی ٹی آئی کی طرف سے استعفوں کے معاملہ پر سپیکر قومی اسمبلی سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے ،ترجمان قومی اسمبلی

National Assembly
National Assembly session

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی): ترجمان قومی اسمبلی نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی جو اس وقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں سے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا اور انہیں باور کرایا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد جو ان سمیت شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک اور چند دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں پر مشتمل ہو گا۔سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرناچاہتا ہے تاکہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر بات کی جا سکے ۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر چہ پہلے جماعت کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام 124ممبران اکھٹے سپیکر کے سامنے پیش ہوں گے لیکن بعد ازاں ایک نمائندہ وفد بھیجنے پر اتفاق ہوا ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے رہنے چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سپیکر نے انہیں باورکرایا کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابطہ کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں سپیکر نےنہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ تمام پی ٹی آئی ممبران کو تفصیلی خطوط ارسال کر دئیے ہیں ۔

انہوں نےکہا کہ استعفوں بارے فیصلہ سختی سے اسی دائر کار میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں پی ٹی ائی کے سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور یہ طے پایا کہ سپیکر کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوگی۔