پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں سنسنی خیز ون پوائنٹ سلیم نے میلہ لوٹ لیا
پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں سنسنی خیز ون پوائنٹ سلیم نے میلہ لوٹ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں جاری پہلی مین ہارڈٹ گریڈ اے پلس نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کے دوران دلچسپ اور سنسنی خیز ون پوائنٹ سلیم نے کھلاڑیوں اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ 70 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت اور بڑی تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہونے والے اس ایونٹ میں تین دلچسپ کیٹیگریز میں بھرپور مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں ون پوائنٹ سلیم، ٹارگٹ سرو اور فلیکس پاس شامل تھے۔ احمد بابر نے ون پوائنٹ سلیم کا ٹائٹل جیت لیا ایونٹ کی سب سے بڑی توجہ ون پوائنٹ سلیم مقابلہ رہا جہاں ہر پوائنٹ انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ دلچسپ فائنل میں احمد بابر نے تنویر منیر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور ایک لاکھ روپے کی نقد انعامی رقم حاصل کی۔
حسن اور شاہنور ٹارگٹ سرو چیلنج کے مشترکہ فاتح ٹارگٹ سرو چیلنج میں حسن عثمانی اور شاہنور عمر نے مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کی۔ دونوں فاتحین نے ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم آپس میں تقسیم کی۔ مزمل اور شایان نے فلیکس پاس چیلنج جیت لیا فلیکس پاس مقابلہ مشترکہ طور پر مزمل مرتضیٰ اور شایان آفریدی نے جیتا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بہترین ٹچ، کنٹرول اور درستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ اعزاز حاصل کیا۔ فاتحین نے ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم مشترکہ طور پر حاصل کی۔ نمیر شمسی ٹینس اینڈ پیڈل اکیڈمی کے اقدام کو سراہا گیا اور اس ایونٹ کی سپانسرشپ نمیر شمسی ٹینس اینڈ پیڈل اکیڈمی نے کی جس نے چیمپئن شپ میں ایک منفرد اور دلچسپ سرگرمی کا اضافہ کیا۔
اس موقع پر پی ٹی ایف کے صدر عصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل نے نمیر شمسی ٹینس اینڈ پیڈل اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نمیر شمسی کا ایونٹ کی معاونت اور کھلاڑیوں کے لیے جدت پر مبنی مواقع پیدا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تمام فاتحین اور شرکا کو مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں و شائقین کی جانب سے بھرپور جوش و خروش کو سراہا جس کے باعث ون پوائنٹ سلیم ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا۔اس ایونٹ نے جاری پہلی میِن ہارڈٹ گریڈ اے پلس نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ میں ایک اور یادگار باب کا اضافہ کیا اور پاکستان میں ٹینس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کیا۔








