پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے پاکستان میں فائیو جی سروسز کے تجارتی آغاز کے پہلے مرحلے کے تحت ہر سیلولر موبائل آپریٹر کے لیے 2028 تک 2 ہزار فائیو جی سائٹس قائم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق فائیو جی رول آؤٹ کا پہلا مرحلہ (2026 تا 2028)دو سال پر محیط ہوگا، اس کے دوران ہر لائسنس یافتہ موبائل آپریٹر …
پی ٹی اے کا موبائل آپریٹرز کے لیے2028 تک 2 ہزار فائیو جی سائٹس کا ہدف مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے پاکستان میں فائیو جی سروسز کے تجارتی آغاز کے پہلے مرحلے کے تحت ہر سیلولر موبائل آپریٹر کے لیے 2028 تک 2 ہزار فائیو جی سائٹس قائم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق فائیو جی رول آؤٹ کا پہلا مرحلہ (2026 تا 2028)دو سال پر محیط ہوگا، اس کے دوران ہر لائسنس یافتہ موبائل آپریٹر کے لیے 2 ہزار فائیو جی سائٹس قائم کرنا لازمی ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں موجود کم از کم 20 فیصد فور جی سائٹس کو فائیو جی ٹیکنالوجی پر اپ گریڈ کرنا بھی آپریٹرز کے لیے ضروری ہوگا۔روڈ میپ کے مطابق آپریٹرز کو فائبر ٹو دی ٹاور (ایف ٹی ٹی ایس) کا تناسب بھی بڑھا کر 20 فیصد کرنا ہوگا تاکہ نیٹ ورک کی استعداد میں اضافہ ہو اور فائیو جی خدمات کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
پی ٹی اے نے موبائل براڈ بینڈ کے معیار کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنانے کے اہداف مقرر کیے ہیں۔دستاویزات کے مطابق موجودہ اوسط فور جی رفتار تقریباً 4 میگا بٹس فی سیکنڈ سے بڑھا کر 20 میگا بٹس فی سیکنڈ کی میڈین رفتار تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ فائیو جی کے لیے کم از کم 50 میگا بٹس فی سیکنڈ کی بنیادی رفتار مقرر کی گئی ہے جسے مرحلہ وار بڑھا کر 100 میگا بٹس فی سیکنڈ کی میڈین رفتار تک پہنچایا جائے گا۔دستاویزات کے مطابق آپریٹرز نے پہلے مرحلے کے تحت انفراسٹرکچر کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا ہے، جن علاقوں میں نئے بیس ٹرانسیور سٹیشنز (بی ٹی ایس) نصب کیے جا چکے ہیں اور نیٹ ورک اپ گریڈ مکمل ہو چکی ہے وہاں بہتر فور جی خدمات کے ساتھ فائیو جی سروسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں ٹیلی کام آلات کی بڑے پیمانے پر خریداری اور درآمد، نئے مختص کردہ سپیکٹرم بینڈز کا نیٹ ورک میں انضمام، نیٹ ورک کی جدیدکاری اور فائیو جی سے مطابقت رکھنے والے موبائل فونز کی تیاری کے اقدامات بھی شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق پاکستان میں فائیو جی سروسز کا تجارتی آغاز چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا جن میں سے پہلا مرحلہ اس وقت جاری ہے۔پی ٹی اے پورے عمل کے دوران موبائل آپریٹرز کی جانب سے رول آؤٹ کی شرائط، کوریج کے اہداف اور سروس کے معیار سے متعلق تقاضوں پر عمل درآمد کی مسلسل نگرانی کرے گی۔







