پی ڈی ایم مستردشدہ لوگوں کا ٹولہ ہے، این آر او نہ ملنے کی وجہ سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے،وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی

عالمی طاقتیں افغانستان میں خوراک کی کمی اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں،زرتاج گل

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مستردشدہ لوگوں کا ٹولہ ہے جو حکومت کی طرف سے این آر او نہ ملنے کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، این آر او لینے کے تمام حربوں میں ناکامی کے بعد ان لوگوں نے قومی اداروں کو بدنام کرنے کیلئے باضابطہ طور پر پروپیگنڈے کئے، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کا بیانیہ ملک مخالف ہے، نواز شریف کے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف حالیہ بیانات اس کی مثال ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ پی ڈی ایم دشمن کے بیانیے کو فروغ دے رہی ہے، ان کے جلسوں میں پاکستان کو توڑنے کی باتیں کی گئیں اور لیگی رہنما ایاز صادق کے غیرذمہ دارانہ بیان پر بھارت میں شادیانے بجائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے، کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، صحت کے نظام پر دباﺅ بڑھنے کا خدشہ ہے، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے جان بوجھ کر عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہیں اور یہی لوگ ملک میں کورونا کے پھیلاﺅ کے ذمہ دار ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن رہنماﺅں کے خود کیلئے ایس او پیز تگڑے ہیں اور عوام کیلئے معیار اور ہے، ان کے گھر کی تقریبات پر ایس او پیز کا سارا خیال رکھا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب یہ عوام کو جلسوں میں شرکت کیلئے اکسا رہے ہیں، سیاست کیلئے بڑا وقت پڑا ہوا ہے، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن رہنما خود بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کو اچھی طرح سے ہینڈل کیا تھا، کورونا کی دوسری لہر کے دوران دنیا بدترین حالات کی طرف جا رہی ہے، پاکستان میں بھی عوام کی جانوں اور معیشت کو خطرہ ہے، اگر اس وقت احتیاط نہ کی گئی تو وبا پر قابو پانا مشکل ہو گا۔