چار روزہ پریکٹس میچ، پرائم منسٹر الیون نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر367 رنز بنا لئے

کینبرا۔۔8دسمبر (اے پی پی):پرائم منسٹر الیون نے پاکستان کے خلاف چار روزہ وارم اپ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر367 رنز بنا لئے، میتھیو رینشا 136 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان ٹیم کو اب بھی 24 رنز کی برتری حاصل ہے۔ جمعہ کے روز منوکا اوول کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ پریکٹس میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا پی ایم الیون نے2 …

کینبرا۔۔8دسمبر (اے پی پی):پرائم منسٹر الیون نے پاکستان کے خلاف چار روزہ وارم اپ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر367 رنز بنا لئے، میتھیو رینشا 136 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان ٹیم کو اب بھی 24 رنز کی برتری حاصل ہے۔

جمعہ کے روز منوکا اوول کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ پریکٹس میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا پی ایم الیون نے2 وکٹوں پر 149 رنز کے ساتھ پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو رینشا 18 اور کیمرون گرین 19 رنز پر کھیل رہے تھے، تیسرے روز آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 198 کے سکور پر گری جب کیمرون گرین 46 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد نئے آنے والے بیٹر کپتان میک سوینے نے رینشا کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا،

دونوں بیٹرز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز بنائے، اس دوران رینشا نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی، پرائم منسٹر الیون کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان میک سوینے 40 رنز بنا کر میر حمزہ کا شکار بنے، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پرائم منسٹر الیون نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا لئے، میٹ رینشا 136 اور بیو ویبسٹر 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے8 بائولرز کو آزمایا گیا تاہم حریف ٹیم کو آئوٹ کرنے میں ناکام نظر آئے، خرم شہزاد، ابرار احمد ، امام الحق اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پرائم منسٹر الیون کو پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 24 رنز درکار ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں پر 391 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی، شان مسعود نے نا قابل شکست ڈبل سنچری سکور کی ۔

مزید خبریں